لکھنؤ، 11؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے 500اور 1000روپے کے نوٹ کو بند کرنے کے اقدام کو جلدی میں نہیں بلکہ سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت اٹھایا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ملک اور دنیا کے ماہر اقتصادیات اس جرات مندانہ قدم کی تعریف کر رہے ہیں۔اس فیصلے سے سیاست سے کرپشن ختم کرنے میں مددملے گی۔راج ناتھ نے یہاں انڈین کامرس ایسوسی ایشن کے69ویں سالانہ کانفرنس میں کہاکہ حال ہی میں500اور1000روپے کے نوٹ بند کرنے کافیصلہ کیاگیا۔صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے چونکانے والا قدم حکومت نے اٹھایا ہے۔اس سے امیر اور غریب کے درمیان فرق کم ہوگا۔راج ناتھ نے کہاکہ لوگوں نے کہا کہ جلدی کی۔اور وقت دینا چاہئے تھا۔میں کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی جلدی نہیں کی گئی۔یہ فیصلہ سوچا سمجھا ہے۔بہت دورکی سوچ کریہ فیصلہ کیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ماہرِاقتصادیات اس فیصلے کا خیر مقدم کرے گا۔ملک اوردنیا کے ماہرین اقتصادیات نے اس جرات مندانہ قدم کی تعریف کی ہے۔اس سے سیاست ہی نہیں بلکہ حکومت اور انتظامیہ کی بدعنوانی کم ہوگی۔اس اقدام سے ہندوستان کی سیاست میں بہت حد تک سلاست اور پاکیزگی آئے گی۔